ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چامراج پیٹ عید گاہ میدان پر پھر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش، 12جولائی کو چامراج پیٹ بند منانے کا اعلان، ضمیر احمد خان کو دھمکیاں

چامراج پیٹ عید گاہ میدان پر پھر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش، 12جولائی کو چامراج پیٹ بند منانے کا اعلان، ضمیر احمد خان کو دھمکیاں

Mon, 04 Jul 2022 11:17:39    S.O. News Service

بنگلورو،4؍جولائی(ایس او  نیوز)بنگلورو شہر کی چامراج پیٹ عید گاہ کی ملکیت کے متعلق ریاستی وقف بورڈ کی طرف سے بی بی ایم پی کو دستاویزات دے دئیے جانے اور ان کا جائزہ لینے کے بعد بی بی ایم پی چیف کمشنر کی طرف سے اس بات کے اعلان کے بعد بھی کہ وقف بورڈ کی طرف سے جود ستاویزات دئیے گئے ہیں وہ درست ہیں تو عید گاہ کی ملکیت کے حساب سے اس زمین کا کھاتہ متعلقہ وقف ادارے کو دیا جائے گا، ایک بار پھر چامراج پیٹ ناگریکرا اوکوٹا(سٹیزن فیڈریشن)نے معاملہ پر غیر ضروری تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید گاہ نہیں بلکہ کھیل کا میدان ہے اور جب تک کہ اس کو واپس نہیں لے لیا جاتا اس معاملہ پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔

فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ اس میدان کو حاصل کرنے پر زور دینے کے لئے 12جولائی کو چامراج پیٹ بند کا اہتمام کیا جائے گا۔اتوار کے روز ہوئی فیڈریشن کی میٹنگ کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ اس عید گاہ میدان کی بازیابی کے لئے یہ بند منایا جائے گا۔اوکوٹا کے کارندوں نے کہا ہے کہ اس کھیل کے میدان کو ہر گز وقف املاک قرار دینے کا موقع نہیں دیا جائے گا،چاہے اس کے لئے خون بھی بہانا پڑے۔ مقامی رکن اسمبلی ضمیر احمد خان کو نشانہ بناتے ہوئے اوکوٹا کے اس اجلاس میں ان کے خلاف فرقہ واریت کا زہر اگلا گیا اور ان سے کہا گیا کہ وہ ہندوؤں کو چھیڑنے کی کوشش نہ کریں۔ کسی مقام پر بیٹھ کر وہ آپریٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کارندوں نے ضمیر احمد کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں ہیں وہیں رہیں، آگے بڑھنے کی کوشش نہ کریں، اگر آگے بڑھے اور وہاں ہم لوگ پہنچ گئے تو نہ جانے کیا ہو جائے گا۔ان کارندوں نے بی بی ایم پی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس معاملہ میں بے جا انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کھیل کے میدان کو ہر حال میں بچایا جائے گا۔


Share: